پاکستان
04 فروری ، 2013

ملک بھر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری

ملک بھر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری

اسلام آباد…ہفتے کی رات سے ملک بھر میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ جنوبی پنجاب اور بالائی سندھ میں کہیں بادل ہیں اورکہیں بارش کا سلسلہ گزشتہ روز سے جاری ہے۔ خوشگوار موسم میں سموسے پکوڑے کی دکانوں کے ساتھ ساتھ پارکوں اور تفریحی مقامات پر رش دیکھنے میں آرہا ہے۔ پشاور میں گذشتہ روز شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ آج بھی جاری رہا۔ وقفے وقفے سے جاری بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی بھر گیا۔جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔اسلام آباد میں بھی باد ل چھائے ہوئے ہیں۔ اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران خیبرپختون خوا، اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب، کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثرمقامات پر تیز ہواوٴں کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر مزید برف باری کا امکان ہے۔اُدھر بلتستان ڈویڑن میں غذر ، دیامر ،استوراور ہنرہ نگر سمیت تمام ہی اضلاع میں برف ہورہی ہے۔کئی علاقوں میں مواصلاتی نظام منقطع اور رابطہ سڑکیں بند ہیں۔ شہریوں کو خوراک اور ادویات کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ خیبر ، کرم اور اورکزئی ایجنسی سمیت لوئر دیر اپر دیر ،شانگلہ، چترال اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش اور برفباری جاری ہے۔ آزاد کشمیر میں باغ ، ہٹیاں اور مظفر آباد سمیت مختلف نشیبی علاقوں میں بارش جبکہ لیپہ،اٹھ مقام اور پونچھ میں ہلکی برف باری ہورہی ہے۔ شمالی بلوچستان کے علاقوں زیارت، چمن اور پشین اور دیگرعلاقوں میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں اور خشک سردی سے بیماریوں میں اضافہ ہورہا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش رسالپور میں 84 ملی میٹر رکارڈ کی گئی۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مالم جبہ میں سب سے زیادہ 5۔3فٹ برفباری رکارڈ کی گئی ، کالام میں 2 فٹ، دروش میں 01، دیر 08 انچ ، مری 7 انچ۔ چترال 06 انچ، اور اسکردو میں 05 انچ برفباری رکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران خیبرپختون خوا، اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب کشمیر اور گلگت بلتستان میں اکثر مقامات پر گرج چمک کے سات بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے، قلات منفی 7 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ ملک کا سرد ترین علاقہ رکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :