Time 29 مئی ، 2024
پاکستان

پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم

پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان باضابطہ سفارتی تعلقات قائم
منیر اکرم اور سینٹ لوشیا سےمینیسا رامبالی نے پاکستان مشن میں ایک سادہ تقریب میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔—فوٹو: پاکستانی سفارتی مشن

پاکستان اور کیریبیئن جزیرے کے ملک سینٹ لوشیا نے اپنے سفارتی تعلقات کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم اور سینٹ لوشیا سے ان کی ہم منصب سفیر مینیسا رامبالی نے پاکستان مشن میں ایک سادہ تقریب میں مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔

اس موقع پر سفیر منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا دونوں کثیرالجہتی فورمز بشمول دولت مشترکہ میں تعاون کر رہے ہیں،باضابطہ تعلقات کا قیام دوطرفہ تعلقات کو وسعت دینے کی بنیاد کا کام کرےگا۔

منیر اکرم نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کو باضابطہ بنانے سے تجارت،سیاسی تعاون اور سیاحت کے شعبوں میں تعلقات کی راہیں کھلیں گی۔دونوں ممالک میں سیاحت کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے سیاحوں کے دوروں کے ذریعے دریافت کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر سینٹ لوشیا کی سفیر مینیسا رامبالی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر ڈیرن سیمی، جن کا تعلق سینٹ لوشیا سے ہے، ایک اعزازی پاکستانی شہری بھی تھے جو ہمیشہ پاکستان اور اس کے لوگوں کی مہمان نوازی کے بارے میں بات کرتے تھے۔

سفیر مینیسا رامبالی نے تقریب کی میزبانی کرنے پر سفیر منیر اکرم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہوں نے ذاتی طور پر "ان سے بہت کچھ سیکھا"۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سینٹ لوشیا کے درمیان پہلے ہی شاندار تعلقات ہیں اور مختلف فورمز پر فعال تعاون کر رہے ہیں تاہم رسمی سفارتی تعلقات کے قیام سے موجودہ تعلقات کو مزید استوار کرنے کا موقع ملے گا۔

مزید خبریں :