04 فروری ، 2013
اسلام آباد…مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے کراچی میں نئی حلقہ بندیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق فوج کی مدد سے گھر گھر جا کر ووٹرز کی تصدیق کرائی جائے اورنگران سیٹ اپ سے پہلے تمام گورنرز کو ہٹایا جائے۔چودھری نثار کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس ہوا ،جس میں جماعت اسلامی ، جے یو پی ، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی اور سندھ کی قوم پرست جماعتوں کے رہ نماوٴں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن سے اظہار یکجہتی کی متفقہ قرارداد منظور کی گئی۔ قراردادمیں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت متفقہ طور پر تشکیل دیا گیا، جسے متنازع بنانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کو متنازع بنانے کا مقصد اُس کے کام میں روڑے اٹکانا ہے۔ قرارداد میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ نگران سیٹ اپ سے پہلے تمام گورنرز استعفیٰ دیں یا اُنہیں ہٹایا جائے، وفاقی اور صوبائی حکومتوں میں اہم عہدوں پر تعینات افراد کو بھی ہٹایا جائے۔ سندھ اور بلوچستان اسمبلیز میں بلا تاخیر اپوزیشن لیڈر ز کا اعلان کیا جائے۔