Time 30 مئی ، 2024
پاکستان

لگ رہا ہےکہ بڑی عدالتوں میں کچھ تازہ ہوائیں چلی ہیں: رؤف حسن

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رؤف حسن نے کہا ہے کہ  شخص واحد کی ڈکٹیٹر شپ کی وجہ سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، لگ رہا ہےکہ بڑی عدالتوں میں کچھ تازہ ہوائیں چلی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رؤف حسن کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے خلاف عدت اور سائفر کے کیسز ختم ہو چکے ہیں، توشہ خانہ اور القادر کیس بھی جھوٹ پر مبنی اور سب کے سامنے واضح ہے۔

 رؤف حسن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی چھ اکائیاں مشکلات میں ہیں، جھوٹی کہانیوں پر مقدمے بنائے جاتے ہیں، صاحب اقتدار  اور طاقتور لوگوں کو خوف ہے جو چاہتے ہیں کہ  ختم ہوچکے کیسز کے فیصلے اور سماعتوں کو زیادہ سے زیادہ مؤخر کیا جائے تاکہ بانی پی ٹی آئی قید میں رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  توشہ خانہ میں چوتھا مقدمہ بنانے کی تیاریاں ہیں، قانون ہے کہ ایک معاملے میں ایک مقدمہ بن سکتا ہے، لیکن ان کی کوشش ہے کہ چوتھا مقدمہ بنا کر اس میں عمران خان کو پہلے سزا دلوائی جائے پھر جو پرانے ختم ہوچکے مقدموں کے فیصلے آنے ہیں انہیں آنے دیا جائے، اس طرح بانی پی ٹی آئی کو جیل میں مزید وقت گزارنا پڑے گا، شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں رہائی متوقع ہونے پر ان کے خلاف ایک ساتھ 8 مقدمات لگا دیے گئے۔

رؤف حسن کا مزید کہنا تھا کہ ہم ریاست کو کمزور ہوتا ہوا دیکھ رہے ہیں، ہر گزرتے دن کے ساتھ ریاست پر دباؤ بڑھتا جارہا ہے۔

مزید خبریں :