04 فروری ، 2013
کراچی…کراچی کی عدالت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار مبینہ دہشتگردوں کو 18 فروری تک جیل بھیج دیا۔ملزمان واحد ماما،کریم نواز ملنگ،شعیب عالم اور عادل نواب کو سی آئی ڈی پولیس نے جوڈیشیل مجسٹریٹ غربی افضل روشن کی عدالت میں پیش کیا۔ملزمان کو منگھوپیر کے علاقے سلطان آباد سے گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق ملزمان نجی ٹی وی کی ٹیم پر حملے،پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ہیں جبکہ دس محرم الحرام کو بارود سے بھری پکڑی جانے والی گاڑی کے مقدمے میں بھی یہ ملزمان مفرور تھے۔عدالت نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے اور پولیس مقابلے کے مقدمے میں ریمانڈ مکمل ہونے پر چاروں ملزمان کو عدالتی تحویل میں 18 فروری تک جیل بھیج دیا ہے۔ملزمان کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات زیر سماعت ہیں۔