05 فروری ، 2013
لندن…افغانستان میں امن عمل کے سلسلے میں پاکستان، افغانستان اوربرطانیہ کا سربراہی اجلاس لندن میں ہوا۔ تینوں ممالک کے رہنماوٴں نے امن عمل تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ لندن میں سہ فریقی اجلاس کے بعد صدر آصف علی زرداری نے برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون اور افغان صدر حامد کرزئی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صدر زرداری کا کہنا تھا کہ طالبان کے ساتھ مذاکراتی عمل کی پاکستان حمایت کرتا ہے اور امن عمل میں مدد کرناچاہتاہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے، پڑوسی ملک بدلے نہیں جاسکتے، پاکستان خطے کے تمام ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتا ہے۔ افغان صدر حامد کرزئی نے اس موقع پر کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات مزید بہتر ہوں گے۔ انھوں نے افغان امن عمل کے سلسلے میں برطانوی وزیراعظم کے اقدامات کو سراہا۔ برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں افغان امن عمل اورپاک افغان تعاون کو مستحکم کرنے پر بات کی گئی اور ان دونوں شعبوں میں پیش رفت ہورہی ہے۔ اس سے قبل سہ فریقی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ امن مذاکرات کیلئے قطر میں طالبان کے دفترکا قیام جلد ازجلد ہوناچاہیے۔ اعلامیہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے صدور نے اگلے ماہ دونوں ملکوں کے علمائے کرام کی کانفرنس کے انعقاد کا اعلان بھی کیا ہے۔