05 فروری ، 2013
کراچی…کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل پر مسافر نے پی آئی اے آفیسر کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بناڈالا، جس کے باعث آفیسر بے ہوش ہوگیا۔ مسافر بااثر شخصیت کا صاحبزادہ بتایا جاتا ہے، تاہم پولیس نے ایئرپورٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ کراچی ایئرپورٹ کے جناح ٹرمینل پر پی آئی اے کے آفیسر کو ایک مسافر نے تشدد کا نشانہ بنایا، تشدد اس درجے کا تھا کہ آفیسر بے ہوش ہوگیا۔ پولیس نے ملزم کو حراست میں لیکر ایئرپورٹ تھانے منتقل کر دیا۔ آفیسر پر تشدد کیخلاف پی آئی اے اسٹاف نے احتجاجاَََریزرویشن آفس بندکردیا اور ایئرپورٹ تھانے پہنچ گئے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر میڈیا کے نمائندوں کو ایئرپورٹ تھانے میں جا کر کوریج کرنے سے روک دیا تاہم بعد میں تشدد کا نشانہ بننے والے پی آئی اے کے افسر اللہ ڈنو جتوئی کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کر لی گئی۔ ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ نوروز بلوچ جو خود کو شیر محمد بلوچ ،جو کہ قومی اسمبلی کے رکن ہیں، انکا بیٹا ظاہر کر رہا تھا، مجھے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا مجھے سرکاری وردی پہنے ہوئے تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور میں معاف نہیں کروں گا۔ ملزم نوروز بلوچ ولد شیر محمد بلوچ کے خلاف ایف آئی آر سرکاری کام میں مداخلت کرنے اور سرکاری ملازمین کو حملہ کر کے زخمی کرنے پردرج کی گئی ہے۔