05 فروری ، 2013
غذر…گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں آج چھٹے روز بھی برف باری جبکہ نشیبی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ شانگلہ میں برفانی تودہ اور گاڑی کھائی میں گرنے سے4افراد جاں بحق ہوگئے۔ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں ہونے والی بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے ۔دیامراوراستور سمیت گلگت بلتستان کے دیگر اضلاع میں کئی روز سے ہونے والی برف باری سے تمام رابطہ سڑکیں بندہوگئی ہیں۔غذر کے نشیبی علاقوں میں بارش اور برف باری سے مقامی افرادکو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ہزارہ ڈویژن کے اضلاع مانسہرہ اوربٹگرام میں پہاڑوں پر وقفے وقفے سے ہلکی برف باری ہورہی ہے۔گلیات میں ہرسوبرف بچھی ہے اور رابطہ سڑکیں بند ہیں، جس سے سیاح کئی روز سے پھنسے ہوئے ہیں۔مالاکنڈ ڈویژن کے اضلاع سوات ،چترال اور شانگلہ میں بھی پڑنے والی برف خون جمارہی ہے۔ قبائلی علاقوں شمالی وزیرستان ،اورکزئی ،باجوڑاور کرم ایجنسی کے کئی اضلاع میں ہرچیز برف میں چھپی ہوئی ہے جبکہ بجلی اورپانی کی بندش لوگوں کی پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔ضلع شانگلہ کے علاقے ملک خیل امنوی میں برفانی تودہ گرنے سے تین راہ گیر جاں بحق ہوگئے۔جبکہ پھسلن کے سبب بشام لاہور نالہ کے قریب گاڑی کھائی میں جاگری جس سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔گزشتہ روز بھی ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث مختلف حادثات میں پانچ افراد جاں بحق ہوئے تھے۔