Time 05 جون ، 2024
پاکستان

متنازع ویڈیو پوسٹ: عمر ایوب نے ایف آئی اے سے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی

متنازع ویڈیو پوسٹ: عمر ایوب نے ایف آئی اے سے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی
ایف آئی اے نہ تو تاریخ دانوں پر مشتمل محکمہ ہے اور نہ ہی عدالتوں سے بالا کوئی ادارہ ہے: رہنما پی ٹی آئی/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے عمران خان کے متنازع ویڈیو پوسٹ کے  معاملے پر  نوٹس کا جواب دیتے ہوئے  ایف آئی اے سے حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل مانگ لی۔ 

عمر ایوب خان نے ایف آئی اے کو نوٹس کا تحریری جواب بھجوادیا جس میں کہا گیا ہےکہ ایف آئی اے نے ہتک آمیز نوٹس بھجوایا جس میں مبہم، مشکوک اور غیرقانونی سوالات پوچھے گئے، نوٹس سقوطِ ڈھاکا سےجڑے واقعات سے متعلق ہےجس پرحکومتِ نے کمیشن قائم کیا، کمیشن نے 1972 میں عبوری 1974 میں مکمل رپورٹ جمع کرائی۔ 

تحریری جواب میں لکھا گیا ہے کہ حمودالرحمٰن کمیشن رپورٹ کو نہ مسترد کیا گیا اور نہ ہی مندرجات کی تردید کی گئی، کمیشن نے جنرل یحییٰ خان اور جنرل امیرعبداللہ نیازی کے بیانات قلمبند کیے۔ 

سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی نے جواب میں کہا کہ ایف آئی اے نہ تو تاریخ دانوں پر مشتمل محکمہ ہے اور نہ ہی عدالتوں سے بالا کوئی ادارہ ہے، نوٹس کا مقصد بانی پی ٹی آئی اورپارٹی سیکرٹری جنرل کو انتقام کا نشانہ بنانا ہے۔

تحریری جواب میں مزید کہا گیا ہے کہ  نوٹس کےذریعے کیے گئے پروپیگنڈے کا معاملہ پارلیمان میں اٹھانے اور  نوٹس کو عدالت کے روبرو چیلنج کرنےکا حق استعمال کریں گے۔ 

عمر ایوب نے اپنے جواب میں کہا کہ حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کابینہ ڈویژن میں موجود ہے اور ایف آئی اے جواب کی تیاری کےلیے حمود الرحمٰن کمیشن رپورٹ کی نقل فراہم کرے۔ 

مزید خبریں :