Time 05 جون ، 2024
پاکستان

چین نے فرسودہ طریقہ چھوڑ کر جدید طریقہ اپنایا، چین کی ترقی ہمارے لیے قابل تقلید ہے: وزیراعظم

چین نے فرسودہ طریقہ چھوڑ کر جدید طریقہ اپنایا، چین کی ترقی ہمارے لیے قابل تقلید ہے: وزیراعظم
چین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی حاصل کی جو ہمارے لیے ایک مثال ہے: وزیراعظم۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے ماضی میں رہیں گے تو کچھ حاصل نہیں کرسکیں گے، ماضی کو چھوڑ کر آگے بڑھیں گے تو ہی کامیابی مل سکے گی۔

چین کے شہر شینزن میں پاک چائنا بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا چین کی ترقی ہمارے لئے قابل تقلید ہے، بزنس کانفرنس دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ہمیں ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا چاہیے، اگر ہم ماضی میں رہیں گے تو آگے نہیں بڑھ سکیں گے، چین کے شہر شینزن نے مختصر مدت میں ترقی حاصل کی جو ہمارے لیے ایک مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستانی کمپنیاں اپنی مصنوعات بہتر انداز سے دنیا کے سامنے پیش کریں، چین نے ترقی کے لیے فرسودہ طریقہ چھوڑ کر جدید طریقے کو اپنایا، پاکستان بھی بدعنوانی پر قابو پانے کےلیے مؤ ثر اقدامات کر رہا ہے، پاکستان میں کاروبار میں آسانی پیداکرنے کے لیے بزنس کونسل قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے، یہاں قرضوں کے لیے نہیں بلکہ کاروبار اور ترقی کے لیے آیا ہوں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا 5 چینی باشندوں کی دہشت گردی کے واقعے میں ہلاکت افسوسناک لمحہ تھا، پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت یقینی بنائیں گے، چینی شہریوں کو فول پروف سکیورٹی دیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین ژو ژاؤ جیانگ نے بھی ملاقات کی۔

چینی کمپنی کے سربراہ نے پاکستان میں اپنے موبائل بنانے کے یونٹ میں سرمایہ کاری میں وسعت دینے کی یقین دہانی کرائی جبکہ الیکٹرک بائیکس، جدید زراعت اور فِن ٹیک میں سرمایہ کاری میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے وفاقی وزرا اور چین میں پاکستان کے سفیر کو ٹرانشیئن ہولڈنگز کمپنی کے ساتھ مل کر جلد لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید خبریں :