Time 05 جون ، 2024
پاکستان

وزیراعظم کے دورہ شینزن میں معاہدہ، چین 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو اے آئی کی مفت تربیت دے گا

وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ چین میں چینی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کابینہ ارکان کے ساتھ چین کے شہر شینزن میں ہواوے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں روایتی موسیقی سے ان کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ہواوے ہیڈ کوارٹرز پاکستانی ٹرک آرٹ سے مزین کیا گیا ۔

وزیراعظم اور ہواوے کے چیئرمین نے ملاقات کی جس میں شہباز شریف نے انہیں پاکستان کے دورے اور سرمایہ کاری کی دعوت دی۔

بعد ازاں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ہواوے کے درمیان فریم ورک معاہدے پر دستخط ہوئے۔

فریم ورک معاہدے کے تحت ہواوے مصنوعی ذہانت سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں دولاکھ پاکستانی نوجوانوں کو مفت تربیت فراہم کرے گا۔

پاکستان میں سیف سٹیز کے قیام، ای گورننس، کلاؤڈ سروسز اور معیشت کی ڈیجیٹلائیزیشن میں بھی بھرپور تعاون کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وزیرِ اعظم سے چینی کمپنی ٹرانشیئن ہولڈنگز کے بانی اور چیئرمین نے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں موبائل فون یونٹ میں سرمایہ کاری میں وسعت کی یقین دہانی کرائی۔

چین میں قرضوں کیلئے نہیں،کاروبار اور ترقی کیلئے آیا ہوں: شہباز شریف

وزیراعظم کے دورہ شینزن میں معاہدہ، چین 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو اے آئی کی مفت تربیت دے گا
چین ہمارا سب سے قابل بھروسہ دوست ملک ہے، پاکستانی کمپنیوں کے سربراہان بھی چینی ماڈل اپنائیں، شہباز شریف— فوٹو: پی آئی ڈی

علاوہ ازیں شینزن میں پاک چین بزنس فورم سے خطاب میں وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھاکہ بزنس کانفرنس بہترین کاوش ہے، ہمیں ماضی کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھنا ہوگا، چین کو شاندار بزنس فورم کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتاہوں، شینزن شہر کی ترقی ہمارے لیے مشعل راہ ہے، چین نے پاکستان کے ہر صوبےمیں منصوبے لگائے، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ ترقی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا، شی جن پنگ کی قیادت میں چین دنیا کی دوسری بڑی معیشت بن چکا ہے، چین نے ترقی کیلئے فرسودہ نظام کو ترک کرکے جدید طریقے اپنائے، پاکستان کرپشن پر قابو پانےکیلئے مؤثر اقدامات کررہاہے۔

ان کا کہنا تھاکہ چین ہمارا سب سے قابل بھروسہ دوست ملک ہے، پاکستانی کمپنیوں کے سربراہان بھی چینی ماڈل اپنائیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ 5 چینی باشندوں کی دہشتگردی کے واقعےمیں موت افسوس ناک لمحہ تھا، پاکستان میں چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنائیں گے اور چینی باشندوں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا تہیہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ چین میں قرضوں کیلئے نہیں،کاروبار اور ترقی کیلئے آیا ہوں، پاکستان میں کاروبار میں آسانی پیدا کرنےکےلیے بزنس کونسل قائم کی۔

شہباز شریف دورہ چین کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ پہنچ گئے

وزیراعظم کے دورہ شینزن میں معاہدہ، چین 2 لاکھ پاکستانی نوجوانوں کو اے آئی کی مفت تربیت دے گا
بیجنگ میں وزیراعظم چین کے صدر، وزیراعظم اورنیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کریں گے— فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہبازشریف اپنے پانچ روزہ دورہ چین کے دوسرے مرحلے میں بیجنگ پہنچ گئے ہیں جہاں چین کے نائب وزیرخارجہ نے ہوائی اڈے پر ان کا استقبال کیا۔

بیجنگ میں وزیراعظم  چین کے صدر، وزیراعظم اورنیشنل پیپلزکانگریس کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین سے ملاقات کریں گے۔

اس کے علاوہ شہبازشریف پاکستان چین دوستی اور تجارت کی تقریب میں بھی شریک ہوں گے اور سی پیک منصوبوں پرکام کرنے والی نمایاں چینی کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو افسران سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں پر مفاہمت کی متعدد یادداشتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔

مزید خبریں :