08 جون ، 2024
سعودی حکام نے حج پرمٹ کے بغیر مکہ آنے والے ایک لاکھ 53 ہزار افراد کو واپس بھجوادیا۔
مکہ میں حج سکیورٹی فورسز کےکمانڈرز کی جانب سے حج کے دوران سکیورٹی کے انتظامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ وزارت داخلہ کے مرکزی دفتر میں دی گئی، پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حج سکیورٹی فورسز کے کمانڈرز کا کہنا تھا کہ ہمارا اولین مقصد حاجیوں کی حفاظت اور سلامتی کو یقینی بنانا، حج پرمٹ کے بغیر افراد کو مقدس مقامات میں داخل ہونے سے روکنا اور مکہ کے داخلی راستوں پر سکیورٹی حصار نافذ کرنا ہے تاکہ غیر مجاز داخلےکو روکا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ حج اور حاجیوں کی سکیورٹی ایک "ریڈ لائن" ہے، قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی 97,000 سے زیادہ گاڑیوں کو واپس بھیج دیا گیا۔ اس کے علاوہ وزٹ ویزہ رکھنے والوں میں سے حج قوانین کی خلاف ورزیوں پر 153,000 سے زیادہ افراد کو واپس بھیج دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہا کہ حاجیوں کی خدمت کے لیے سکیورٹی اہلکاروں کوفوری کارروائی کے لیے تمام انسانی اور مادی وسائل فراہم کیےگئے ہیں۔
اس موقع پر سعودی حکام نے وضاحت کی کہ وزٹ ویزہ حج کی اجازت نہیں دیتا، حج پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے، سعودی قیادت کی مدد سے جلد اب اسمارٹ حج ہوگا۔