06 فروری ، 2013
کینبرا…تیسرے ایک روزہ انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلیانے ویسٹ انڈیز کو39 رنز سے ہراکر پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں تین۔صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 329 رنز بنائے، جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 290 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کینبرا میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، شین واٹسن اور فنچ نے 89 رنز کا آغاز فراہم کیا، لیکن فنچ 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، دوسری وکٹ کی شراکت میں واٹسن اور ہیوز نے 112 رنز بنائے ، اس موقع پر شین واٹسن 122 رنز بناکر روچ کی گیند پر پولارڈ کو کیچ دے بیٹھے۔ ہیوز 86 ، کلاک15 اور بیلے 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح میزبان ٹیم آسٹریلیا نے مقررہ 50 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر 329 رنز بنائے۔ سامی اور نارائن نے دو، دو جبکہ روچ، براوو اور پولار ڈ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ 330 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کے اوپنرز نے 54 رنز آغاز فراہم کیا، اس موقع پر تھامس 19 رنز بناکر پویلین واپس لوٹ گئے، پاول 47 رنز بناکر میکسویل کا شکار بنے، ڈیرین براوو نے 86 رنز کی شاندار اننگز کھیلی لیکن وہ بھی ٹیم کا کامیابی سے ہمکنا ر نہ کرسکے، ڈیوائن براوو نے 51 رنز بنائے، رسل نے 43 رنز کی اننگز کھیلی، اس طرح مہمان ٹیم 290 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔فاکنر نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔پانچ میچوں پر مشتمل سیریز میں آسٹریلیا کو دو۔صفر کی برتری حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے پرتھ میں کھیلے گئے پہلے دو میچز میں ویسٹ انڈیز کو 9 وکٹوں اور 54 رنزسے شکست دی تھی۔