Time 17 جون ، 2024
پاکستان

بجٹ ابھی فائنل نہیں ہوا، پی پی کی مشاورت اور تسلی کے بعد بجٹ منظور ہوگا: رانا ثنااللہ

بجٹ ابھی فائنل نہیں ہوا، پی پی کی مشاورت اور تسلی کے بعد بجٹ منظور ہوگا: رانا ثنااللہ
بجٹ تجویز ہوتاہے اور پارلیمنٹ میں بحث ہوتی ہے، پارلیمنٹ 30 جون سے پہلے بجٹ پاس کرے گی: مشیر وزیراعظم/ فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ پیپلزپارٹی کی مکمل تجاویز کے ساتھ بجٹ فائنل ہوگا۔

فیصل آباد میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو میں رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی پی کے اعتراضات درست ہیں لیکن یہ نہیں کہ بالکل مشاورت نہیں ہوئی البتہ اس میں تھوڑی بہت کمی رہ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجٹ تجویز ہوتا ہے اور پارلیمنٹ میں بحث ہوتی ہے، پارلیمنٹ 30 جون سے پہلے بجٹ پاس کرے گی، بجٹ ابھی فائنل نہیں ہوا ابھی تجاویز لے رہے ہیں، پی پی کی مشاورت، مکمل تجاویز اور تسلی کے بعد بجٹ منظور ہوگا۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ 16 ماہ میں آئی ایم ایف کی شرائط زیادہ سخت تھیں، دوست ممالک کی مدد سے شرائط میں نرمی ملی ہے، وعدے کے مطابق حکومتی اخراجات میں کمی لائی جائےگی، حکومت کے سائز اور اخراجات میں کمی کرنے جارہے ہیں، وزیراعظم ایک مہینے بعد دوبارہ قوم سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب تک بلدیاتی نظام بحال نہ ہو  جمہوریت نا مکمل ہے، ہم اس کی کمی محسوس کرتے ہیں اس پر آنے والے دنوں میں کام ہوگا۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان جمہوری اور امن پسند لیڈر ہیں، وہ جمہوریت اور استحکام کے لیے ہمیشہ کھڑے ہیں، ان کی مصالحت کے اثرات انتشاری ٹولے پر پڑیں گے جب کہ  آئین و قانون کے مطابق پارلیمنٹ مدت پورے کرے گی ۔

مزید خبریں :