Time 20 جون ، 2024
پاکستان

ایمنڈ کی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت، قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ

ایمنڈ کی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت،  قاتلوں کو جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ
فوٹو: فائل

ایسوسی ایشن آف الیکٹرونک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز ’ایمنڈ‘ نے خیبر میں صحافی خلیل جبران کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت  کی ہے۔ 

ایمنڈ  کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں تواتر کے ساتھ صحافیوں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے ، صحافیوں پر تشدد، اغوا اور دھمکیاں معمول بن چکی ہیں ، وفاقی و صوبائی حکومتیں اس قسم کے واقعات کو روکنے میں ناکام نظر آتی ہیں۔

ایمنڈ نے خلیل جبران کے قتل میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کر کے سزا دینے کا مطالبہ کیا۔ 

اس کے علاوہ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس، لاہور پریس کلب، بلوچستان یونین آف جرنلسٹس، لنڈی کوتل پریس کلب اور دیگر صحافتی تنظیموں نے بھی صحافی خلیل جبران کے قتل کی مذمت  کی۔

مشترکہ بیان میں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ارشد انصاری نے کہا کہ خلیل جبران کو دھمکیوں کے باوجود تحفظ فراہم نہیں کیا گیا۔

پی ایف یو جے نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشہ روز خیبر کی تحصیل لنڈی کوتل کے علاقے مزرینہ میں فائرنگ سے خیبر ٹی وی کے صحافی خلیل جبران جاں بحق جبکہ ان کے ساتھی سجاد ایڈوکیٹ زخمی ہوگئے۔

ڈی پی او سلیم عباس کے مطابق خلیل جبران اور سجاد ایڈوکیٹ گھر جا رہے تھے، ملزمان نے انہیں کار سے اتار کر فائرنگ کی۔

مزید خبریں :