Time 20 جون ، 2024
دنیا

بھارت: تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے 29 افراد ہلاک، درجنوں اسپتال منتقل

بھارت: تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے 29 افراد ہلاک، درجنوں اسپتال منتقل
ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور متعلقہ اہلکاروں کیخلاف ایکشن بھی لے لیا گیا ہے: وزیر اعلیٰ تامل ناڈو۔ فوٹو انڈین میڈیا

بھارتی ریاست تامل ناڈو میں زہریلی شراب پینے سے کم از کم 29 افراد ہلاک اور درجنوں کی حالت خراب ہو گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تامل ناڈو کے ضلع کلا کوریچی میں گزشتہ چند روز کے دوران زہریلی شراب پینے سے 68 افراد کو حالت غیر ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا جس میں سے 24 کو طبیعت زیادہ خراب ہونے پر دوسرے اسپتالوں میں بھی منتقل کیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق زہریلی شراب سے متاثر ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق کروناپورم علاقے سے تھا جس میں سے ایک لڑکے کی والدہ نے بتایا کہ اس کے بیٹے کو معدے میں درد کی شکایت تھی اور اس کی آنکھیں بھی نہیں کھل رہی تھیں، ابتدا میں اسپتال نے اسے یہ کہہ کر داخل کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ اس نے شراب پی ہوئی ہے، حکومت کو چاہیے کہ شراب کی تمام دکانیں بند کر دے۔

ایک اور متاثرہ لڑکے کی والدہ کا کہنا تھا اس کے بیٹے کو معدے کا اس قدر شدید درد تھا کہ وہ نا تو سن پا رہا تھا اور نا ہی دیکھ پا رہا تھا، ایسا درد کسی کو بھی نہ ہو، شراب کی فروخت رکنی چاہیے۔

پولیس نے زہریلی شراب کی فروخت کے الزام میں تین افراد کو حراست میں لیکر معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جبکہ متعلقہ محمکے کے تین اہلکاروں کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔

تامل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے زہریلی شراب پینے سے اموات پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور متعلقہ اہلکاروں کے خلاف بھی ایکشن لیا جا چکا ہے، اور اب ایسے غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

مزید خبریں :