28 ستمبر ، 2024
بالی وڈ کی خوبرو اداکارہ ایشوریا رائے کو بیٹی آرادھیا کے ساتھ ہر جگہ اور ہر تقریب میں دیکھا جاتا ہے۔
اگرچہ ایشوریا اور ابھیشیک کا ازدواجی رشتہ ان دنوں مشکلات کا شکار ہے لیکن اس کے باوجود ایشوریا اور آرادھیا کا ساتھ آج بھی ویسا ہی ہے۔
حال ہی میں اداکارہ کو بیٹی آرادھیا کے ہمراہ انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی ایوارڈز (آئیفا) اتساوم 2024 میں شرکت کیلئے ابوظبی میں دیکھا گیا جس دوران صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ کی بیٹی آردھیا ہر جگہ آپ کے کیوں ساتھ ہوتی ہے؟
سوال کے جواب میں اداکارہ نے بتایا کہ ’یہ میری بیٹی ہے اس لیے میرے ساتھ ہر جگہ جاتی ہے‘۔
دوسری جانب رواں ہفتے ایک پروگرام میں ایشوریا کی ریمپ واک میں بھی آرادھیا کو ان کے ساتھ دیکھا گیا تھا، اس کے علاوہ حال ہی میں دبئی میں منعقد ہونے والے ساؤتھ انڈین انٹرنیشنل مووی ایوارڈز (SIIMA) 2024 میں بھی ایشوریا کو بیٹی کے ہمراہ دیکھا گیا، اس تقریب میں ایشوریا رائے کو ‘بیسٹ ایکٹریس اِن لیڈنگ رول‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا تھا۔
مزید برآں آرادھیا ایشوریا کے ساتھ کانز فلم فیسٹیول سمیت کئی تقریبات میں شرکت کرچکی ہیں۔