Time 28 ستمبر ، 2024
دنیا

’کچھ لوگ چاہتے ہیں ایسا ہوکر رہے‘روسی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا

’کچھ لوگ چاہتے ہیں ایسا ہوکر رہے‘روسی وزیر خارجہ نے مشرق وسطیٰ میں بڑی جنگ کا خدشہ ظاہر کردیا
فوٹو: فائل

روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ ایک بار پھربڑی جنگ کے دہانے پر ہے اور کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ایسا ہو کر رہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے خطاب میں روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ اس سے پہلے کہ صورتحال مکمل طور پر قابو سے باہر ہوجائے، تشدد کو روکنا ہوگا کیونکہ کچھ لوگ ایسے ہیں جو خطے میں بڑی جنگ پر اکسا رہے ہیں۔

روس کے وزیرخارجہ نے لبنان پر اسرائیل کے اندھا دھند حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عام شہری ان حملوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اسرائیل نے جو رستہ چنا ہے اس سے نہ تو اسرائیل میں نقل مکانی پرمجبور افراد شمالی علاقے میں واپس آسکیں گے اور نہ ہی لبنان اسرائیل سرحد پر سکیورٹی یقینی بنائی جاسکتی ہے۔

سرگئی لاروف نے زور دیا کہ امریکا کے پاس چوائس ہے کہ وہ فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرے یا ان کوششوں کو روکتا رہے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کے اراکین فلسطین اور اسرائیل کے عوام کے مفادات کو اپنے تنگ نظر سیاسی مفادات پر ترجیح دیں اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کریں۔

روسی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ جلد تمام یرغمالی رہا کرائے جائیں اور بلا روک ٹوک انسانی امداد یقینی بنائی جائے۔

مزید خبریں :