21 جون ، 2024
آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے چین کے وزیر بین الاقوامی ڈیپارٹمنٹ لیو جیان چاؤ نے ملاقات کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں سی پیک پر پیشرفت کے حوالے سے امور کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ ملاقات میں علاقائی امن اور استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے چین کے ساتھ اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کیا۔
چین کے وزیر نے سی پیک کی بروقت تکمیل کے چین کے عزم کا اعادہ کیا اور علاقائی امن اور استحکام برقرار رکھنے میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چینی وزیر نے چینی شہریوں کی سکیورٹی کی فراہمی میں پاک فوج کے تعاون کو تسلیم کیا۔