Time 23 جون ، 2024
پاکستان

ایم کیو ایم نے 12 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا

ایم کیو ایم نے 12 لاکھ روپے سالانہ تنخواہ پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا
 حکومت پیکا ایکٹ میں ترمیم سے پہلے تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے: امین الحق/ فائل فوٹو

متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما امین الحق نے سالانہ 12 لاکھ روپے آمدنی والے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔

قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی اسمبلی امین الحق نے کہا کہ موجودہ بجٹ قرضوں پر سود کی ادائیگی میں ختم ہو جاتا ہے، افغانستان اور بھارت کو دیکھیں تو ہماری ملکی صورتحال اچھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفاع کے لیے 2100 ارب رکھنا بہترین فیصلہ ہے، افواج پاکستان سرحدوں کی حفاظت کرتی ہیں تو ہم سوتے ہیں۔

امین الحق نے مطالبہ کیا کہ ای او بی آئی کا معاوضہ 10 سے بڑھا کر 12 ہزار کیا جائے اور 12 لاکھ سالانہ تنخوا دار طبقے پر ٹیکس ختم کیا جائے، نیوز  پرنٹ پر  10 فیصد جی ایس ٹی ختم کیا جائے، پرنٹ میڈیا زوال کا شکار اور صحافی بے روزگار ہو رہے ہیں۔ 

ایم کیو ایم رہنما کا کہنا تھا پیکا ایکٹ میں ترامیم کی کوشش کی جارہی ہے، حکومت پیکا ایکٹ میں ترمیم سے پہلے اے پی این ایس، سی پی این ای اور پی ایف یو جے سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے۔ 

امین الحق نے کہا کہ زرعی ٹیکس لگایا جائے اور گندم بیچ کر منافع کمانے والوں پر بھی ٹیکس لگایا جائے۔

مزید خبریں :