23 جون ، 2024
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے گاڑیوں کی جعلی نمبر پلیٹس کے خلاف میگا آپریشن کا اعلان کیا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف میگا آپریشن شروع کیا ہے، لوگ سندھ پولیس اور سندھ حکومت کے نام کی نمبر پلیٹس لگاکر گھوم رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی نہ سمجھے کہ اثرورسوخ پر چھوڑ دیں گے، کوئی قانون سے بالاتر نہیں، جعلی نمبر پلیٹس بنانے والی دکانوں کے خلاف بھی سخت سے سخت ایکشن لیں گے۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ میں پہلی بار پریمیئم نمبر پلیٹ کا آکشن کیا جائے گا، محکمہ ایکسائز گولڈ اور سلور نمبر پلیٹ کے لیے آکشن 29 جون کو مقامی ہوٹل میں کرےگا۔
وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا کہ نگران حکومت کی کوتاہی کی وجہ سے ریڈ لائن منصوبے پر 8 ماہ سے کام بند تھا، ٹرانسپورٹ کے حوالے سے جلد نئے روٹس شروع کرنے جارہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ لاڑکانہ اور حیدر آباد کے بعد نواب شاہ میں بھی بسیں چلنا شروع ہوجائیں گی۔