Time 24 جون ، 2024
دنیا

غزہ جنگ کے دوران 21 ہزار فلسطینی بچوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف

غزہ جنگ کے دوران 21 ہزار فلسطینی بچوں کے لاپتہ ہونے کا انکشاف
17 ہزار بچے اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئے ہیں جب کہ 4000 بچے عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں، سیو دی چلڈرن/ فائل فوٹو 

 7  اکتوبر 2023 سے جاری صیہونی بربریت میں غزہ سے اب تک 21 ہزار  فلسطینی بچوں کے لاپتہ ہو نے کا انکشاف ہوا ہے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بچوں کے حقوق اور فلاح وبہبود کے لیے کام کرنے والی عالمی تنظیم سیو دی چلڈرن کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ کے نتیجے میں جو ہزاروں بچے لاپتہ ہیں وہ یا تو تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں یا انہیں کسی اجتماعی قبر میں دفنا دیا گیا ہے یا پھر انہیں اسرائیلی فوجی گرفتار کرکے لے گئے ہیں۔

سیو دی چلڈرن کے نمائندے کا کہنا ہے کہ  یہ ہزاروں بچے دوران جنگ اپنے والدین سے بچھڑے اور ان میں بچوں کی ایک نامعلوم تعداد ہے جنہیں جبری لاپتہ کرکے غزہ سے باہر لیجایا گیا جہاں ان کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

تنظیم کے نمائندے کے مطابق غزہ میں جنگ کی صورتحال میں معلومات جمع کرنا اور ان کی تصدیق کرنا مشکل ہے مگر کم از کم 17 ہزار بچے اپنے خاندانوں سے بچھڑ گئے ہیں جب کہ 4000 بچے گھروں اور عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہیں۔

سیو دی چلڈرن کے مطابق بچوں کی ایک بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے جنہیں اجتماعی قبروں میں دفنا دیا گیا ہے۔ 


مزید خبریں :