Time 25 جون ، 2024
پاکستان

’کے پی میں 12 برسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور سب سے زیادہ دہشتگردی یہیں سے نکلتی ہے‘

’کے پی میں 12 برسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور سب سے زیادہ دہشتگردی یہیں سے نکلتی ہے‘
فوٹو: فائل

مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں پچھلے 12 برسوں سے پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور سب سے زیادہ دہشتگردی یہیں سے نکلتی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر کوئی یہ سمجھتا ہے کہ وہ وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے بلیک میل کرلے گا تو وہ غلط فہمی کا شکار ہے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ آپریشن عزم استحکام کا فیصلہ چاروں وزرائے اعلیٰ اور تمام اداروں کے سربراہوں کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔


ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد پہلے یہ معاملہ کابینہ اور پھر پارلیمنٹ میں آئے گا، پارلیمنٹ کے اندر اور باہر تمام سیاسی جماعتوں کواعتماد میں لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں انسداد دہشتگردی کے لیے آپریشن عزم استحکام کی منظوری دی گئی تھی۔

نیشنل ایکشن پلان سے متعلق ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر، وفاقی وزرا اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ بھی شریک تھے۔

پاکستان تحریک انصاف نے آپریشن عزم استحکام کی مخالفت کی ہے اور ایوان سے منظور کرانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ جمعیت علمائے اسلام نے بھی آپریشن کی مخالفت کی ہے۔

مزید خبریں :