Time 27 جون ، 2024
پاکستان

ترجمان ق لیگ کا چوہدری خاندان کے تعلقات بحال ہونیکا دعویٰ، پرویز الٰہی کی اہلیہ کی تردید

ترجمان ق لیگ کا چوہدری خاندان کے تعلقات بحال ہونیکا دعویٰ، پرویز الٰہی کی اہلیہ کی تردید
چوہدری برادران کے درمیان ملاقات دو ہفتے قبل ہوئی تھی: ترجمان مسلم لیگ ق۔ فوٹو فائل

چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الٰہی کی ملاقات میں خاندانی تعلقات کی بحالی سے متعلق متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ ق مصطفیٰ ملک کا کہنا ہے چوہدری شجاعت حسین سے چوہدری پرویز الٰہی نے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، چوہدری برادران کے درمیان ملاقات دو ہفتے قبل ہوئی تھی۔

مصطفیٰ ملک کا کہنا ہے کہ شجاعت حسین اور  پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں خاندانی تعلقات بحال ہو گئے ہیں لیکن  سیاست اپنی اپنی ہو گی۔

پرویز الٰہی کی اہلیہ کی خاندانی صلح کی تردید

دوسری جانب چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے خاندانی صلح کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کا پرویز الٰہی کی رہائی میں کوئی کردار نہیں ہے، پرویز الٰہی کی رہائی اللہ کے کرم سے ہوئی، عدالتوں نے انصاف فراہم کیا۔

قیصرہ الٰہی کا کہنا تھا کسی قسم کی خاندانی صلح نہیں ہوئی، پرویز الٰہی نے شجاعت صاحب کو پیغام دیا ہے کہ ہمارا چوری شدہ مینڈیٹ واپس ہونے تک کوئی بات نہیں ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مونس الٰہی ہی نہیں بلکہ چوہدری پرویز الٰہی بھی پی ٹی آئی کے ساتھ رہیں گے، چوہدری پرویز الٰہی نے حالیہ بیان میں بھی اس بات کو واضح انداز میں کہا ہے۔

قیصرہ الٰہی نے کہا کہ پرویز الٰہی ق لیگ میں واپس جانے کو نہ اب تیار ہیں اور نہ ہی آئندہ ایسا ہو گا، ق لیگ ایسی جماعت بن چکی ہے جو چوری کے مینڈیٹ پر قائم ہے، کوئی بھی عقل و شعور رکھنے والا ق لیگ کا ممبر نہیں بن سکتا۔

اہلیہ چوہدری پرویز الٰہی کا کہنا تھا چوہدری شجاعت کے دونوں بیٹے سارا وقت ہمارے خلاف جھوٹ پھیلانے میں مصروف ہیں، سال سوا سال سے یہ دونوں مختلف ذرائع سے ایسی افواہیں پھیلا رہے ہیں، نہ جانے یہ ایسی جھوٹی خبریں پھیلا کر کیا مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

مزید خبریں :