Time 28 جون ، 2024
دلچسپ و عجیب

وہ خوبصورت یورپی قصبہ جو ایک چائے کی قیمت میں زمین کا پلاٹ فروخت کر رہا ہے

وہ خوبصورت یورپی قصبہ جو ایک چائے کی قیمت میں زمین کا پلاٹ فروخت کر رہا ہے
یہ بہت خوبصورت قصبہ ہے / فوٹو بشکریہ Götene kommun

یورپ کے کئی ممالک میں چند سو روپوں میں گھر فروخت کرنے کے پروگرامز سامنے آتے رہتے ہیں۔

اب جنوبی یورپ کے ایک ملک میں اس سے ملتا جلتا پروگرام سامنے آیا ہے مگر اس میں گھر کی بجائے آپ زمین کا پلاٹ خرید سکتے ہیں۔

جی ہاں واقعی سویڈن کے ایک قصبے Götene میں 30 پلاٹس فروخت کے لیے پیش کیے گئے ہیں جن کی قیمت فی اسکوائر میٹر ایک کرونا (لگ بھگ 27 روپے) سے شروع ہوگی۔

اس پلاٹ کو خریدنے والے خوش قسمت افراد وہاں اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کرکے وہاں رہ سکیں گے یا وہاں تعطیلات منانے کے لیے جاسکیں گے۔

سویڈن کے اس قصبے کا موسم کافی ٹھنڈا ہے تو گرمی کے ستائے افراد کے لیے یہ پیشکش بہترین ہے۔

یہ سویڈن کے ایک دیہی علاقے کا مرکزی قصبہ ہے جس میں 13 ہزار افراد مقیم ہیں اور وہاں سویڈش ثقافت کی جھلکیاں نظر آتی ہیں۔

یہ قصبہ سویڈن کی سب سے بڑی جھیل ورنن کے کنارے پر واقع ہے جبکہ یہاں موجود پہاڑیاں ہائیکنگ کے لیے بہترین تصور کی جاتی ہیں۔

قصبے کے میئر جوہان مینسن کے مطابق اقتصادی مشکلات اور دیہی آبادی میں کمی کے باعث اس پروگرام کو متعارف کرایا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے خطے میں ہاؤسنگ مارکیٹ کافی سست جا رہی ہے اور ہم اسے بہتر بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہاں شرح پیدائش بھی گھٹ گئی ہے جبکہ معمر افراد کی تعداد بڑھ رہی ہے تو اسی لیے ہم کچھ ایسا کرنا چاہتے تھے جس سے زیادہ افراد یہاں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ایک چائے کے کپ کی قیمت میں 30 پلاٹس فروخت کے لیے پیش کیے ہیں۔

جوہان مینسن کے مطابق غیر معمولی حالات میں غیرمعمولی اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے اور اب یہ پروگرام وائرل ہوچکا ہے۔

اس پروگرام کو مئی 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا اور ہر پلاٹ 700 سے 1200 اسکوائر میٹر رقبے پر پھیلا ہوا ہے۔

پروگرام وائرل ہونے کے بعد دنیا بھر سے ہزاروں فونز موصول ہوئے اور اسی لیے ابھی پلاٹس فروخت کرنے کے عمل کو اگست تک کے لیے روک دیا گیا ہے۔

جوہان مینسن کے مطابق ان پلاٹس کو کوئی بھی فرد خرید سکتا ہے اور اس کے لیے ضروری نہیں کہ وہ سویڈن میں مقیم ہو یا وہ وہاں مستقل رہائش کا وعدہ کرے۔

بس ایک شرط پوری کرنا ہوگی اور وہ یہ ہے کہ پلاٹ کو خریدنے کے بعد 2 سال کے اندر گھر تعمیر کرنا ہوگا۔

مزید خبریں :