Time 28 جون ، 2024
دلچسپ و عجیب

سوشل میڈیا ریلز نے 18 سال سے بچھڑے بہن بھائی کو ملا دیا

سوشل میڈیا ریلز  نے 18 سال سے بچھڑے بہن بھائی کو ملا دیا
گووند 18 سال بعد بہن راج کماری سے ملنے گھر پہنچ گیا—فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارت میں اپنی نوعیت کا ایک انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں سوشل میڈیا ایپلی کیشن انسٹاگرام نے 18 سال سے بچھڑے بہن بھائی کو ملا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اتر پردیش میں ایک بہن کو اپنا بچھڑا ہوا بھائی 18 سال بعد انسٹاگرام ریلز کے ذریعے مل گیا۔

کان پور کے ہاتھی پور گاؤں کی رہائشی راج کماری انسٹاگرام پر ریلز دیکھ رہی تھی کہ اچانک اسے ویڈیو میں ایک شخص نظر آیا جو اس کے بھائی کی شکل سے مماثلت رکھتا تھا اور اس کا  ایک دانت بھی اس کے بچھڑے بھائی بال گووند کی طرح ٹوٹا ہوا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بال گووند 18 سال قبل  اپنے گاؤں سے ممبئی میں نوکری کی تلاش کیلئے گیا اور پھر واپس نہیں لوٹا تھا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممبئی پہنچنے کے بعد گووند اپنے دوستوں سے الگ ہوگیا تھا  اور دوسری جگہ معمولی سی نوکری شروع کر دی تھی اور سب سے رابطے ختم ہوگئے تھے۔اس دوران اس کا اپنے گھر والوں سے بھی کوئی رابطہ نہیں ہوا۔

بعد ازاں گووند کی زندگی نے غیر متوقع موڑ لیا جب اس نے ممبئی میں بیمار ہونے پر گھر واپس جانے کیلئے ٹرین میں سوار ہونے کا فیصلہ کیا لیکن ٹرین اسے کانپور کے بجائے جے پور لے گئی۔ تھکے ہارے اور پریشان گووند کی ملاقات ریلوے اسٹیشن پر ایک شخص سے ہوئی، جس نے اس کی صحت بہتر ہونے پر اسے فیکٹری میں نوکری دے دی۔

آہستہ آہستہ گووند کے حالات بہتر ہوئے اور اس نے جے پور میں ہی زندگی بسر کرنا شروع کر دی۔وہاں اس نے ایشور دیوی نامی لڑکی سے شادی کی اور ان کے 2 بچے ہوئےاور پھر سوشل میڈیا پر اس نے ریلز بھی بنانا شروع کردی۔

اس دوران گووند کی زندگی میں بہت کچھ بدل گیا تھا لیکن اس کا بچپن میں ٹوٹا ہوا دانت ویسا ہی رہا اور اُسی نے گووند کو اپنے خاندان سے ملا دیا۔

رپورٹ کے مطابق  راج کماری نے جیسے ہی گووند کی شکل والے شخص کو انسٹاگرام پر دیکھا تو اس نےاس شخص سے رابطہ  کیا اور لمبی فون کال کے دوران دونوں نے اپنی بچپن کی یادوں اور قصوں کا تذکرہ کرکے ایک دوسرے کو پہچان لیا اور اسے واپس گھر آنے کی دعوت دی۔

تاہم 20 جون کو گووند 18 سال کی علیحدگی کے بعد اپنی بہن سے دوبارہ ملنے واپس گاؤں پہنچا اور اس موقع پر جذباتی مناظر دیکھے گئے۔

 راج کماری کا کہنا ہے کہ سوشل میڈیا ویسے کافی بدنام ہے لیکن کبھی کبھار صرف ایک ویڈیو لوگوں کی زندگی تبدیل کردیتی ہے جیسے ہمیں 18 سال بعد ایک دوسرے سے دوبارہ ملا دیا۔ 

مزید خبریں :