29 جون ، 2024
کراچی میں کلفٹن ڈرائیونگ لائسنس برانچ میں رات کے وقت چوری کی واردات میں چور کمپیوٹر، ہارڈ ڈسکیں، ڈیٹا کیبل اور برانچ کا کمپیوٹر سرور چرا کر فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چوری کی واردات میں ملزمان 6 کمپیوٹر، سی اینڈ سی کی 12 ہارڈ ڈرائیو ساتھ لے گئے جبکہ ملزمان نے برانچ کے سرور روم کو بھی نقصان پہنچایا ۔
حکام کے مطابق چوری کا واقعہ کلفٹن کی لائسنس برانچ میں پیش آیا جہاں ڈی آئی جی اور ڈی ایس پی کے دفاتر بھی موجود ہیں جبکہ سکیورٹی کیلئے شفٹوں میں گارڈز تعینات ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس برانچ کلفٹن سے کرائم سین یونٹ نے شواہد لیے ہیں، سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس برانچ کے عملے سے بھی پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔