08 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ نے ڈی جی آئی بی اخترگورچانی کوآئی بی فنڈز کے غلط استعمال بارے 26 فروری تک جواب داخل کرنے کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔عدالت کو بے نظیر بھٹو کے خلاف 1990 میں دائر کیے گئے احتساب ریفرنس کا ریکارڈ بھی موصول ہو گیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے آئی بی خفیہ فنڈز کے غلط استعمال سے متعلق کیس کی سماعت کی ، عدالت نے ڈی جی آئی بی کو نوٹس جاری کیا ہے کہ وہ اپنا جواب داخل کریں ، اٹارنی جنرل عرفان قادر ڈی جی آئی بی کی جانب سے جواب جمع کرائیں گے۔ دوسری طرف سابق ڈی جی آئی بی طارق لودھی نے سربمہر لفافے میں دوبارہ جواب جمع کرا دیا ہے ، عدالت نے اُن کا جواب پڑھنے کے بعد اسے عدالتی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے کہا ہے کہ طارق لودھی بیرون ملک جا سکتے ہیں، ضرورت پڑنے پر اُنہیں دوبارہ طلب کر لیا جائے گا۔عدالت نے طارق لودھی کا جواب خفیہ رکھنے کی استدعا بھی منظور کر لی ، اُدھر رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے طلب کرنے پر بے نظیر بھٹو کے خلاف احتساب ریفرنس کا ریکارڈ بجھوا دیا ہے ، اس ریفرنس پر 27 مارچ 1994 کو ہونے والے فیصلے کو بھی ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیاہے، مزید سماعت 26 فروری کو ہو گی۔