پاکستان

شہباز شریف ملکی مفاد کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں، آفتاب شیرپاؤ کا مشورہ

شہباز شریف ملکی مفاد کیلئے اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلیں، آفتاب شیرپاؤ کا مشورہ
میں سب سیاسی پارٹیوں سے یہ درخواست کرتا ہوں کہ آخری حل مذاکرات ہے،ساتھ بیٹھ کر ملک کے مسائل کا حل نکالیں: آفتاب احمد خان شیرپاو، چیئرمین قومی پارٹی/ فائل فوٹو

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے  وزیراعظم شہباز شریف کو مشورہ دیا ہے کہ ملکی مفاد میں اپوزیشن سمیت سب کو ساتھ لیکر چلیں۔

جیو نیوز سے گفتگو میں قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ کا کہنا تھا اس وقت جنگ اسٹبلشمنٹ اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ہے، ہم حکومت اور اپوزیشن کے خد و خال سے متفق نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا ہم سمجھتے ہیں کہ موجودہ حالات میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، حکومت اچھے کام کرے تو ہم اسے سراہیں گے لیکن جہاں پر وہ غلطی کریں گے اسے تنقید کا نشانہ بھی بنائیں گے، عوام کے مفادات کے لیے کام کریں گے۔ 

آفتاب شیر پاؤ نے یہ بھی کہا کہ جنگ اسٹیبلشمنٹ اور بانی پی ٹی آئی کے درمیان ہے، اب ان کا کام ہے کہ وہ کس طریقے سے بانی چیئرمین پی پی ٹی آئی کو ہینڈل کرتے ہیں کیونکہ وہ جیل سے باہر لوگوں میں انتشار  پیدا کرتے ہیں۔

قومی وطن پارٹی کے چیئرمین نے اپنی بات کو جاری رکھتے کہا کہ سیاسی استحکام کے لیے سب کو ملکی مفاد کے لیے بات چیت کرنی چاہیے، چین کے وزیر نے کہا کہ اندرونی عدم استحکام پر قابو کیا جائے، میں سب سیاسی پارٹیوں سے یہ درخواست کرتا ہوں کہ آخری حل مذاکرات ہی ہے، ساتھ بیٹھ کر ملک کے مسائل کا حل نکالیں۔

آفتاب شیرپاؤ کا کہنا تھا پی ٹی آئی جب حکومت میں تھی انھوں نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر کام نہیں کیا تھا، اب شہباز شریف ملک کے مفاد کے لیے اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں۔

مزید خبریں :