01 جولائی ، 2024
بلوچستان میں 2 تیندووں کے بعد جنگلی حیات کو نقصان پہنچانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا جس کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
خضدار کی تحصیل باغبانہ کے پہاڑوں پر مقامی افراد نے 2 بھیڑیوں کو مارڈالا جس کی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جب کہ بتایا جارہا ہے کہ مقامی افراد نے قیمتی کھال کے حصول کے لیے 2 بھیڑیوں کو مارا۔
ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کے تکنیکی مشیر معظم خان نے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترندین کے پہاڑوں میں بھیڑیے کو علاقے کے لوگوں نے مارا، بھیڑیوں کو مار کر ان کی کھال اتاری گئی ، مقامی لوگوں نے ملزمان کی نشاندہی کردی ہے۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خضدار نے ملزمان کے خلاف کارروائی کی درخواست کی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں نایاب نسل کے تیندوے کو ہلاک کردیا گیاتھا، مقامی افراد نے غار میں گھس کر تیندوے کو نشانہ بنایا تھا اور تیندوے کو ہلاک کرنے کے بعد ویڈیو بھی بنائی گئی تھی۔