Time 02 جولائی ، 2024
پاکستان

اچکزئی کومذاکرات کےاختیارپر علی ظفر سمیت دیگر رہنماؤں کا مؤقف درست نہیں: اسد قیصر

اچکزئی کومذاکرات کےاختیارپر علی ظفر سمیت دیگر رہنماؤں کا مؤقف درست نہیں: اسد قیصر
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کا اختیار دینے کے حوالے سے بیرسٹر علی ظفر سمیت باقی رہنماؤں کا مؤقف درست نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ عمران خان کا واضح پیغام تھا کہ بطور پارٹی ہمارا مؤقف الگ ہے اور ہم ان کیساتھ نہیں بیٹھ سکتے۔

انہوں نے مزید کا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ اچکزئی اتحادی ہیں  وہ کوئی بات کرتے ہیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگااور اگر کوئی تجاویز سامنے لاتے ہیں تو ہم ان پر غور کریں گے۔

اسد قیصر کا کہنا تھا کہ کیونکہ وہ لوگ ہمارا مینڈیٹ چراکر حکمرانی کر رہے ہیں اس لیے پی ٹی آئی کا حکومت سے ڈائریکٹ بات کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔

بانی تحریک انصاف کے خلاف کیسز میں کوئی جان نہیں، یہ کیسز زیادہ سے زیادہ دو ماہ میں ختم ہو جائیں گے۔

عدالت میں مخصوص نشستوں کے معاملے پر جے یو آئی کے مؤقف اور پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اپنا مؤقف دے چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال جے یو آئی کے ساتھ ہمارا کوئی الائنس نہیں ہوا البتہ رابطے ہوئے ہیں اور دوریوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

مزید خبریں :