Time 04 جولائی ، 2024
پاکستان

بیرسٹر ظفر نے بانی پی ٹی آئی کی جلد رہائی کا دعویٰ کردیا

بیرسٹر ظفر نے بانی پی ٹی آئی کی جلد رہائی کا دعویٰ کردیا
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیئر رہنما بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی قریب ہے، ان کے خلاف آخری کیس عدت کا ہے جس کیلئے قانونی ٹیم نے منصوبہ بندی کرلی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عدت کیس کے بعد ایسا کوئی کیس نہیں ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھا جائے۔

 گفتگو کے دوران انہوں نے کہاکہ محمود اچکزئی حکومت سے بات کرنا چاہتے ہیں تو ان پر ہماری طرف سے کوئی پابندی نہیں،  پی ٹی آئی نے اپنی طرف سے مذاکرات پر محمود اچکزئی کو مینڈیٹ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ایک طرف مذاکرات کی بات ہوتی ہے تودوسری طرف اس سے دوگنا تشدد کیا جاتا ہے۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ کسی سیاسی جماعت کیلئے مذاکرات کا دروازہ بند نہیں کرنا چاہیے لیکن اب اس پر اتنی بار بات ہوگئی ہے کہ اب فیصلہ ہوا ہے کہ مذاکرات نہیں ہوں گے اور نہ ہو سکتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما علی ظفر کا کہنا تھا کہ یہ بات واضح ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات نہیں کررہی البتہ محمود اچکزئی مذاکرات کرتے ہیں اور کوئی تجویز لاتے ہیں تو وہ دروازہ کھلا ہے۔

سینیٹر علی ظفر نے آپریشن عزم استحکام سے پہلے تمام جماعتوں سے مذاکرات کا بھی مطالبہ کیا۔

مزید خبریں :