06 جولائی ، 2024
پنجاب حکومت نے آنکھوں کے اویسٹن انجکشن کے استعمال کی دوبارہ اجازت دے دی۔
پنجاب حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس میں کہا ہے کہ شوگرکے مریضوں کی بینائی بچانےکےلیے انجکشن کے استعمال کی اجازت دی گئی۔
اویسٹن انجکشن سے متعلق نئے ایس او پیز بھی جاری کردیے گئے ہیں اور انجکشن لگانے کی ویڈیو بھی بنائی جائے گی۔
محکمہ صحت کے ایس اوپیز کے مطابق اویسٹن انجکشن ایک اسپتال سے دوسرے اسپتال اور ایک سے دوسرے شہر میں نہیں بیچا جاسکے گا، انجکشن کوسرنجوں میں بھرکر اسپتال سے باہربھیجنے پربھی پابندی ہوگی۔
اویسٹن انجکشن صرف رجسٹرڈ اورلائسنس یافتہ فارمیسیز فروخت کرسکیں گی، مجاز ڈسٹری بیوٹرز سرکاری اسپتالوں اور رجسٹرڈ ماہرامراض چشم کو یہ انجکشن سپلائی کرسکیں گے۔
سرکاری اور نجی اسپتال فارمیسی سے براہ راست انجکشن خریدیں گے، ڈاکٹر ایک انجکشن کھولنے بعد اسے دوبارہ استعمال نہیں کر سکےگا۔ پوسٹ گریجویشن کے بعد 3 سال کا تجربہ والا ڈاکٹر انجکشن لگا سکے گا۔ خیال رہےکہ پنجاب میں ستمبر 2023 میں اویسٹن انجکشن سے مریضوں کی بینائی متاثر ہوئی تھی۔