08 جولائی ، 2024
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا ہے کہ جنگ بندی معاہدے میں اسرائیل کو اپنےجنگی مقاصد پورے کرنےکی اجازت بھی ہونی چاہیے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا کہ معاہدے کے تحت حماس کو مصری سرحد سے اسلحہ اسمگلنگ کی اجازت نہیں ہونی چاہیے اور معاہدے میں لکھا جائے کہ مسلح عسکریت پسند شمالی غزہ واپس نہیں آئیں گے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنا آیا جب حماس اپنے اس مطالبے سے پیچھے ہٹ گیا ہے کہ اسرائیل معاہدے پر دستخط کرنے سے پہلے مستقل جنگ بندی کا عہد کرے گا، فلسطینی مزاحمتی تنظیم اس بات کی اجازت دیگی کہ 6 ہفتے کے پہلے مرحلے کے دوران ہونے والے مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے۔
دوسری جانب عرب میڈیا کے مطابق نومنتخب برطانوی وزیراعظم سر کئیر اسٹارمر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور فلسطینی صدر محمود عباس کو ٹیلی فون کیا۔
برطانوی وزیراعظم نے نیتن یاہو سے غزہ اور لبنان کی صورتحال پرتبادلہ خیال کیا اور کہا کہ اسرائیل کی شمالی سرحد کی صورتحال باعث تشویش ہے۔