24 جولائی ، 2024
کراچی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے دہشتگردوں سے مقابلے میں کراچی پولیس آف پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہلاک ہو گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق کراچی میں ناردرن بائی پاس پر موچکو کے علاقے میں دہشتگردوں سے مقابلے میں کراچی پولیس آفیس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ عمرفاروق ہلاک ہو گیا۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی میں سی ٹی ڈی نے ناردرن بائی پاس پر موچکو کے علاقے میں مقابلے کے بعد کالعدم تحریک طالبان کا دہشتگرد مارا گیا، ہلاک دہشتگرد کے پی او حملے کا ماسٹر مائنڈ تھا۔
سول اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی نے چھاپہ مارا، وہاں موجود دہشتگرد نے سی ٹی ڈی پر فائرنگ کردی، دہشتگرد کی فائرنگ کے دوران سب انسپکٹر عرفان کی بلٹ پروف جیکٹ میں گولی لگی جس سے وہ محفوظ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی کی جوابی فائرنگ سے ایک دہشتگرد شدید زخمی ہوگیا جوکہ اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی ہلاک ہوگیا ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے۔
ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی کا ایک اور آپریشن بھی چل رہا ہے،حالیہ پولیس کلنگ میں ایک ہی اسلحہ استعمال نہیں ہوا۔