12 فروری ، 2013
اسلام آباد…میمو کیس میں سیکرٹری داخلہ کی سپریم کورٹ میں عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ساڑھے گیارہ بجے تک طلب کر لیا۔چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی سربراہی میں 8 رکنی بنچ نے میمو کیس کی سماعت شروع کی تو سیکرٹری داخلہ موجود نہیں تھے، چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری داخلہ کو گزشتہ سماعت پر نوٹس جاری کر کے آج پیش ہونے کاحکم دیا تھا۔سیکرٹری داخلہ نے حسین حقانی کی پاکستان آمد بارے سیکورٹی انتظامات سے آگاہ کرنا تھا، حسین حقانی کی وکیل عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ انہیں سیکرٹری داخلہ کی طرف سے ایک خط ملا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ حسین حقانی کب پاکستان آئیں گے ،چیف جسٹس کا کہناتھا کہ سیکرٹری داخلہ کا یہ کام نہیں کہ وہ آپ سے یہ پوچھیں ، بعد میں سماعت میں ساڑھے گیارہ بجے تک وقفہ کر دیا گیا ۔