29 جولائی ، 2024
آذربائیجان کے دارالحکومت باکو سے کراچی آنے والی پرواز میں روانگی کے فوری بعد فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر طیارے کو واپس اسی ائیرپورٹ پر فوری ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق آذربائیجان ائیر کی پرواز گزشتہ رات معمول کے شیڈول پر باکو سے کراچی کےلیے روانہ ہوئی مگر پرواز کے باکو سے ٹیک آف کرتے ہی ائیر بس اے 319 میں فنی خرابی پیدا ہوگئی۔
ایوی ایشن ذرائع کا بتانا ہے کہ باکو ائیر ٹریفک کنٹرولر نے رابطہ کرنے پر پائلٹ کو فوری طور پر واپس باکو لینڈنگ کی ہدایت کی تاہم حفاظتی نقطہ نظر سے پائلٹ نے ائیر بس اے 319 کا اضافی فیول ضائع کرنے کےلیے بحیرہ قزوین پر لگ بھگ 40 منٹ تک پرواز کی اور واپس باکو میں باحفاظت لینڈنگ کی۔
بعد ازاں طیارہ تبدیل کرکے مسافروں کو ساڑھے 3 گھنٹے کی تاخیر سے کراچی کےلیے روانہ کیا گیا جس کے بعد پرواز کراچی سے 4 گھنٹے کی تاخیر سے واپس آذربائیجان روانہ ہوگئی۔