01 اگست ، 2024
مانسہرہ میں طوفانی بارش اور سیلابی ریلوں کا سلسلہ تھم جانے کے بعد کاغان میں پھنسے ہزاروں سیاحوں کے بحفاظت انخلاء کا سلسلہ جاری ہے۔
ڈپٹی کمشنر مانسہرہ کے مطابق مانسہرہ میں مہانڈری کے مقام سے پل بہہ جانے کے باعث شاہراہ کاغان اب تک بند ہے، پل بہہ جانے کے باعث پھنسے سیاحوں کو روانہ کیا جا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ 400 سے زائد گاڑیوں کے قافلے پولیس کی حفاظت میں بابوسرٹاپ سے چلاس کے راستے روانہ کیے گئے ہیں، ڈھائی ہزار کے قریب سیاح کاغان ناران میں موجود ہیں جبکہ نئے سیاحوں کے وادی کاغان آنے پر مکمل پابندی عائد ہے۔
انہوں نے بتایا کہ نئے پل کی تعمیر کے بعد وادی کاغان کو سیاحوں کے لیے کھول دیا جائے گا، وادی کاغان میں کھانے پینےکی اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں، 24گھنٹوں میں متبادل راستے کا انتظام بھی کردیا جائے گا۔
واضح رہے گزشتہ روز موسلا دھار بارش اور سیلابی ریلوں سے مانسہرہ میں مکانات، باغات، مساجد سمیت فصلوں کو شدید نقصان پہنچا تھا جبکہ مہانڈری کے مقام پر پل بھی بہہ گیا تھا۔