Time 02 اگست ، 2024
پاکستان

قومی اسمبلی: اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، ایوان میں قتل کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد بھی منظور

قومی اسمبلی: اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ ادا، ایوان میں قتل کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد بھی منظور
اسکرین گریب

اسلام آباد: قومی اسمبلی نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کرلی۔

قرارداد کی منظوری کے بعد ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ یہ خوش آئندہ ہے کہ یہ ایوان اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مشترکہ طور پر قرار داد لایا ہے، قرارداد کی منظوری پر ایوان  اور تمام ارکان پارلیمنٹ کا شکر گزار ہوں۔  

شہباز شریف نے کہا کہ غزہ میں 9 ماہ سے قتل عام جاری ہے، خواتین اور بچوں سمیت 40 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا گیا جب کہ غزہ میں اسپتالوں، اسکولوں اور میڈیا نمائندوں کو نشانہ بنایا گیا۔ 

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس قتل عام پر آنکھیں بند کرنے سے کام نہیں چلے گا، اسماعیل ہنیہ شہید کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں اور ان جرائم پر صیہونی ریاست کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔ 

دوسری جانب قومی اسمبلی میں فلسطینی رہنما اسماعیل ہنیہ کی غائبانہ نماز جنازہ کی ادائیگی کی گئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف، اسپیکر ایاز صادق، رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔

یوم سوگ

واضح رہے کہ فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یومِ سوگ منایا جارہا ہے۔

گزشتہ روز مسلم لیگ (ن)، پاکستان پیپلزپارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی، ایم کیو ایم، آئی پی پی، مسلم لیگ (ق)، مسلم لیگ ضیا اور نیشنل پارٹی کے رہنماؤں کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آج بعد نماز جمعہ پورے ملک میں اسماعیل ہنیہ شہید کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی جائے گی اور فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھرمیں یوم سوگ منایا جائے گا۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا قتل

خیال رہےکہ حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ 31 جولائی کو ایرانی دارالحکومت تہران میں ہونے والے اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے، وہ ایرانی صدر محمود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے تہران میں موجود تھے۔

ایران کے دارالحکومت تہران میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے اسماعیل ہنیہ کی نماز جنازہ پڑھائی جس میں ہزاروں مرد و خواتین نے شرکت کی۔

عرب میڈیا کے مطابق تہران میں نماز جنازہ کے بعد اسماعیل ہنیہ کے جسد خاکی کو قطر منتقل کرکے ان کی رہائش گاہ پہنچایا گیا جہاں ان کی تدفین کی جائے گی۔

مزید خبریں :