Time 04 اگست ، 2024
کاروبار

پاکستان نے چین سے باضابطہ طورپرقرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کردی

پاکستان نے چین سے باضابطہ طورپرقرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کردی
چین سےدوستی پر سمجھوتا نہیں ہوگا، سی پیک جاری ہےاور جاری رہے گا: وزیر اعظم شہباز شریف— فوٹو:فائل

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کوباضابطہ طورپرپاکستانی قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی ہے اور  امید ہے چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔

وزیراعظم سے چائنا پبلک ڈپلومیسی ایسوسی ایشن کی دعوت پرچین کا دورہ کرنے والے صحافیوں کے وفد نے ملاقات کی۔

صحافیوں کے وفد نے وزیراعظم شہبازشریف کو دورہ چین کی کامیابی سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی اور تعلقات پر کوئی سمجھوتہ نہیں، چین پاکستان کا آئرن برادر ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپنے حالیہ دورہ چین میں اہم مقاصد حاصل کیے ہیں، چین کوباضابطہ طورپرپاکستانی قرضوں کو 5 سال کیلئے ری شیڈول کرنے کی درخواست کی، امید ہے چینی حکومت ہماری درخواست پر مثبت ردعمل کا اظہار کرے گی۔

ان کا کہنا تھاکہ مہنگائی اور بجلی کے مسائل سے بخوبی واقف ہوں، آئی پی پیز کے حوالے سے ترجیحات کا جائزہ لے رہے ہیں، 200 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والوں کو ریلیف دیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ چین کی متعدد کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گی، عوام کوبھی معاشی ترقی کے اہداف حاصل کرنے کیلئے مٹھی کی طرح یکجا ہونا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کام کرنے والے چینیوں کی سکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، چینیوں کی حفاظت پر حکومت اور ادارے ایک پیج پر ہیں، اسے اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں،  سی پیک جاری ہے اور جاری رہے گا، کوشش ہے سی پیک کے منصوبوں کو اپنی حکومت کے دور میں جلد مکمل کریں۔

خیال رہے کہ پاکستان کو دوست ممالک سے تقریباً 12 ارب ڈالرز کا قرض رول اوور کرانا ہے  جس میں سے سعودی عرب سے 5 ارب ڈالرز، یو اے ای سے 3 ارب ڈالرز اور چین سے 4 ارب ڈالرز کا قرض شامل ہے۔

مزید خبریں :