Time 06 اگست ، 2024
دنیا

کاملا ہیرس کا نائب صدارتی امیدوار کون؟

کاملا ہیرس کا نائب صدارتی امیدوار کون؟
جو چند نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں ان میں منی سوٹا کے گورنر ٹم والز کا نام سر فہرست ہے، ذرائع/ فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا کی ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملا ہیرس اب سے کچھ دیر میں اپنے نائب صدارتی امیدوار کے نام کا اعلان کریں گی، ذرائع کے مطابق جو چند نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں ان میں منی سوٹا کے گورنر ٹم والز کا نام سر فہرست ہے۔

امریکا کی موجودہ نائب صدر اور ڈیموکریٹ پارٹی کی صدارتی امیدوار کاملا ہیرس اپنے نائب کا اعلان آج پنسلوینیا میں منعقد ریلی سے خطاب میں کریں گی جن افراد کے نام شارٹ لسٹ کیے گئے ہیں ان میں اسی ریاست کے گورنر جوش شیپیرو  بھی شامل ہیں تاہم بعض وجوہات کی بنا پر وہ سرفہرست نہیں رہے۔

جن دیگر ڈیموکریٹ شخصیات کو شارٹ لسٹ کیا گیا تھا ان میں ایری زونا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مارک کیلی بھی تھے، مشی گن کے گورنر گریشن وٹمر، گورنر کنٹاکی اینڈی بیشئیر اور  وزیر آمدورفت پیٹ بڈا جج کا نام بھی کئی وجوہات کی بنا پر زیر غور آیا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہےکہ اتوار کو لسٹ مختصر رہ کر صرف دو ناموں تک محدود کردی گئی تھی جن میں پنسلوینیا کے گورنر جوش شیپیرو اور منی سوٹا کے ساٹھ برس کے گورنر ٹم والز رہ گئے تھے۔

پنسلوینیا اور منی سوٹا پانسہ پلٹنے والی 6 اہم ترین ریاستوں میں سے تصور کی جاتی ہیں۔ دیگر میں ایری زونا، مشی گن، نیواڈا اور وسکونسن شامل ہیں۔ ان 6 کی 6 ریاستوں میں کاملا ہیرس اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے جبکہ بائیڈن صدارتی امیدوار ہوتے تو سروے کے مطابق ٹرمپ ان میں سے کئی میں بآسانی شکست دے کر صدارتی انتخاب جیت لیتے۔

دو ڈیموکریٹ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ کاملا ہیرس نے پیر کو اس لسٹ میں جوش شیپیرو سے اوپر ٹم والز کا نام درج کرلیا ہے اور پچانوے فیصد امکان ہے کہ سن 2007 سے 2019 تک یعنی 6 بار کانگریس کا رکن اور اس کے بعد سے ریاست کے گورنر کے عہدے پر قائم ٹم والز ہی کو اب کاملا ہیرس اپنا نائب مقرر کرنے کااعلان کریں گی۔

تاہم ابھی کاملا ہیرس کی جانب سے اپنے پتے ظاہر نہیں کیے گئے، اس لیے حتمی طورپر نہیں کہا جاسکتا کہ کون ڈیموکریٹ نائب صدارتی امیدوار ہوگا۔ ان چند گھنٹوں میں بھی بہت کچھ ہوسکتا ہے، اس لیے کاملا ہیرس کی جانب سے شاید کسی بھی نام کی تصدیق سے گریز کیا جارہا ہے۔

ٹم والز کا نام سرفہرست آنے کی ایک وجہ ان کا دیہی پس منظر قرار دیا جارہا ہے، والز دیہی اور شہروں کے مضافاتی علاقوں میں اپنا گہرا اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور ذرائع کے مطابق کاملا ہیرس یہی تلوار ڈونلڈ ٹرمپ کیخلاف استعمال کرنا چاہتی ہیں۔

ٹم والز نے سن 2006 میں سیاست کا آغاز زیرک ری پبلکن رکن کانگریس کو دیہی حلقے میں ہرا کرکیا تھا۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں سفید فام ورکنگ کلاس دیہی ووٹرز کو اپنی جانب کھینچنے کا چیمپئن سمجھا جاتا ہے اور یہی ووٹرز ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی مضبوط مرکز تصور کیے جاتے ہیں۔

ٹم والز ریاست نبراسکا میں پلے بڑھے  اور وہ ایک چھوٹے سے قصبے میں 20 سال تک سوشل اسٹیڈیز کے ٹیچر رہے اور اسکول ٹیچر ہی سے شادی کی۔ والز نے آرمی نیشنل گارڈ میں 24 برس فرائض بھی انجام دیے تھے۔

یہی نہیں، ٹم والز ماحول دوست سیاستدان کے طورپر بھی جانے جاتے ہیں اور اس لحاظ سے بھی کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو عجیب الخلقت مخلوق کا نام دے کر امریکا بھر میں خود کو کئی ماہ سے سرخیوں کا مرکز بنایا ہوا ہے اور اب عجیب الخلقت مخلوق میں ٹرمپ کے ساتھ انہوں نے ریپبلکن نائب صدارتی امیدوار جے ڈی وینس کو بھی شامل کردیا ہے، عجیب الخلقت کا ٹیگ اس قدر مشہور ہوا ہے کہ خود کاملا ہیرس نے بھی ٹرمپ اور وینس کو عجیب الخلقت کہنا شروع کردیا ہے۔

مزید خبریں :