12 اگست ، 2024
پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔
اسمبلی اجلاس میں وزیراقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑا اور اقلیتی رکن شکیلہ جاوید نے اقلیتوں کو خراج تحسین پیش کرنے کی قراردادیں پیش کیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑا کا کہنا تھا وزیراعلیٰ نے کہا اقلیتیں ہمارے سر کا تاج ہیں اس لیے اسپیشل اجلاس بلایا گیا۔
ایوان نے قومی ہیرو ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے اور غزہ پر اسرائیلی حملوں اور اسماعیل ہنیہ کے قتل پر مذمتی قراردادیں منظور کرلیں، اقلیتوں کے قومی دن پر پنجاب اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں غیر ملکی سفیر بھی شریک ہوئے۔
اپوزیشن لیڈرملک احمد خان بھچر نے غزہ پر اسرائیلی حملوں اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت پر مذمتی قرارداد پیش کی۔
اجلاس کے دوران حکومتی رکن سمیع اللہ خان نے ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کرنے کی قرارداد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ارشد ندیم نے عالمی سطح پر پاکستان کا نام روشن کیا، انہیں قومی ہیرو قرار دیا جائے۔
وزیرپارلیمانی امورمجتبیٰ شجاع الرحمان نے مسودہ قانون انفورسمنٹ اینڈ ریگولیشن پنجاب بل 2024 ایوان میں پیش کیا۔
حکومتی رکن امجد علی جاوید نے مسودے کو انگریزی کے بجائے اردو میں بھی پیش کرنے کی استدعا کی جس پر اسپیکر نے رولنگ دی کہ آئندہ ایوان میں انگریزی کے ساتھ اردو میں بھی مسودہ پیش کیا جائے۔