Time 13 اگست ، 2024
دلچسپ و عجیب

سیاح ٹکٹ کے بغیر فضائی سفر کرکے جرمنی سے سویڈن کیسے پہنچا؟

سیاح ٹکٹ کے بغیر فضائی سفر کرکے جرمنی سے سویڈن کیسے پہنچا؟
سیاح نے پہلی مرتبہ 4 اپریل کو جہاز میں سوار ہونے کی کوشش کی۔

نارویجیئن شہری بغیر ٹکٹ کے فضائی سفر کرکے جرمنی سے سویڈن پہنچ گیا۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایک نارویجیئن سیاح نے ٹکٹ کے بغیر جرمنی کے میونخ ائیرپورٹ سے سویڈن کی پرواز میں سوار ہونے کی دو کوششیں کیں اور اپنی دوسری کوشش میں وہ کامیاب بھی ہوگیا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق 39 سالہ سیاح نے پہلی مرتبہ 4 اپریل کو جہاز میں سوار ہونے کی کوشش کی۔

میونخ ائیرپورٹ پر مسافروں کو جہاز میں سوار ہونے سے قبل ایک خودکار دروازے پر اپنے بورڈنگ پاس اسکین کرنے ہوتے ہیں، نارویجیئن سیاح دروازے پر ایک دوسرے  مسافر کے قریب کھڑا ہوگیا اور جیسے ہی اس مسافر نے اپنابورڈنگ پاس اسکین کیا تو نارویجیئن سیاح بھی اس مسافر کے ساتھ دروازے سے گزرگیا۔

خبررساں ایجنسی کے مطابق مسافر اسی طرح ائیرلائن کے عملے کی نظروں سے بچتا ہوا جہاز کے اندر داخل ہوگیا۔

تاہم اس دن سیاح کی قسمت نے یہیں تک اس کا ساتھ دیا کیونکہ وہ جس طیارے میں داخل ہوا اس کی تمام نشستیں بک تھیں اور جب مسافر کو بیٹھے کے لیے کوئی نشست نہ ملی تو وہ پکڑا گیا۔

سیاح کو پولیس کے حوالے کیا گیا جس نے سیاح پر فرد جرم تو عائد کی لیکن اسے گرفتار نہیں کیا۔

پولیس کے مطابق اس واقعے کے بعد بھی سیاح نے ہمت نہ ہاری اور اگلے ہی روز اسی طریقہ کا استعمال کرتے ہوئے سویڈن جانے والی پرواز پر سوار ہوگیا جس کی کچھ نشستیں خالی تھیں یوں وہ سویڈن پہنچ گیا۔

تاہم سویڈن کے اسٹاک ہوم ائیرپورٹ کے عملے  کو سیاح پر شک ہوا کیونکہ وہ اسٹاک ہوم  پہنچنے کے بعد فوری طور پر میونخ واپس جانا چاہتا تھا۔

عملے نے سیاح کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا جو غیر قانونی داخلے اور ٹرانسپورٹ فراڈ کے جرم میں سیاح سے تفتیش کررہی ہے۔

دوسری جانب میونخ ائیرپورٹ کے حکام کا بھی کہنا ہے کہ اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں کہ سیاح نے سکیورٹی انتظامات کو کیسے چکمہ دیا۔

مزید خبریں :