19 اگست ، 2024
کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما فاروق ستار نے کراچی کے شہریوں کو بھی بجلی کے بلوں میں ریلیف دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہےکہ نواز شریف بیٹی کے ساتھ بیٹھ کر پنجاب کے لیے اشرفیاں لٹارہے ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو کراچی میں انارکی اور انتشار پھیلے گا، لوگوں کو خودکشی کی جانب دھکیلنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 14 روپے کا ریلیف پنجاب کو دیا ہے وہ کراچی کے لیے بھی دیں، نواز شریف اپنی بیٹی کے ساتھ بیٹھ کر پنجاب کے لیے اشرفیاں لٹارہے ہیں اور مریم نواز کہتی ہیں ہم نے اپنے پیسوں سے ریلیف دیا ہے، بی بی یہ سب اپنا ووٹ بینک مضبوط کرنے کےلیے سیاسی گیم ہے۔
فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ ماڑی گیس فیلڈ پر جو 100 ملین کیوبک گیس بچی ہوئی ہے وہ گیس واپڈا کو دینے کے بجائے ہمیں دی جائے، ہم سستی بجلی پیدا کریں گے، حکومت سندھ کو تو کہنا چاہیے ہم تین ماہ کا ریلیف دیں گے، کراچی والوں میں ایک لاوا پک رہا ہے، پالیسی ساز اداروں کو سوچنا چاہیے، اللّٰہ نا کرے کوئی سول نافرمانی ہم سے شروع نا ہوجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے یونٹ میں 3 سے 5 روپے بڑھانے کا نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، سندھ سرکار بجلی کی قیمت میں کمی نہیں کرتی تو وفاق 14 روپے کم کرکے سندھ کو فوری ریلیف دے، ٹیکسوں کی بھرمار کراچی کی صنعتوں کو پنجاب منتقل کرنے کا پلان ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 30 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھیں جو اب تیزی سے گر رہی ہے، آپ کہہ رہے تھے کہ ہم ایکسپورٹ بڑھائیں گے، پنجاب میں 12 سینٹ کراچی کو 19 سینٹ پر بجلی مل رہی ہے، کراچی کی صنعتوں کو ٹھپ کرنے اور بند کرنے کا منصوبہ ہے۔