Time 22 اگست ، 2024
دنیا

امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کیلئے پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی

امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کیلئے پروازوں کی معطلی میں توسیع کردی
ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل شدہ پروازوں کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 اکتوبر تک بڑھا دیا/ فائل فوٹو

واشنگٹن: ایران اور دیگر مزاحمتی قوتوں کی جانب سے اسرائیل پر حملے کے خدشے کے پیش نظر امریکی ائیر لائن کمپنیوں نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل پروازوں کی تاریخ میں مزید توسیع کردی۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا کی ڈیلٹا ائیر لائن کمپنی نے اسرائیل کے لیے پہلے سے معطل شدہ پروازوں کی تاریخ میں توسیع کرتے ہوئے اسے 31 اکتوبر تک بڑھا دیا ہے جب کہ امریکنز ائیرلائن کمپنی نے بھی اگلے سال 29 مارچ تک اسرائیل کے لیے کوئی پرواز نا بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔ 

اس سے قبل بھی مختلف ممالک کی ائیرلائن کمپنیاں اسرائیل کے لیے اپنی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کرچکی ہیں جن میں  بھارت کی ائیر انڈیا، اٹلی کی آئی ٹی اے ائیر ویز، جرمنی کی لفتھانسا ائیرلائن، بیلجیئم کی برسلز ائیرلائن، سوئٹزرلینڈ کی سوئس ائیر لائن اور امریکا کی یونائیٹڈ ائیرلائنز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی ایران میں شہادت اور حزب اللہ کمانڈر فواد شکر کے لبنان میں اسرائیلی حملے میں مارے جانے کے بعد ایران، حزب اللہ اور  دیگر مزاحمتی قوتوں نے اسرائیل سے بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے۔ 


مزید خبریں :