25 اگست ، 2024
بنگلادیش میں سپریم کورٹ کے سابق جج شمس الدین چوہدری مانک عدالت پیشی پر عوام کے غیض و غضب کا نشانہ بن گئے۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز بنگلادیشی سپریم کورٹ کے ایپلٹ ڈویژن کے سابق جج کو سلہٹ کی عدالت میں لایا گیا تو قیدیوں کی وین سے نکلتے ہی عوام نے ان پر لاتوں اور مکوں کی برسات کردی۔
بنگلادیشی میڈیا کے مطابق مختلف جماعتوں کے کارکنوں اور رہنماؤں نے سابق جج پر پانی کی بوتلیں، انڈے اور جوتے بھی پھینکے۔
بنگلادیشی میڈیا کا بتانا ہے کہ حملے کے بعد 75 سالہ سابق جج کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے۔
اسپتال ذرائع کے مطابق جسٹس مانک کے جسم پر کئی زخم موجود تھے اور انہیں اندرونی چوٹیں بھی آئی ہیں جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہے۔
بنگلادیشی میڈیا کے بتانا ہے کہ فوج اور پولیس کے اہلکار سابق جج کی حفاظت پر معمور ہیں اور اسپتال کے اطراف میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز بنگلادیشی سپریم کورٹ کے سابق جج شمس الدین چوہدری مانک کو بھارت فرار ہوتے ہوئے بھارتی سرحد کے قریب گرفتار کیا گیا تھا۔