26 اگست ، 2024
لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں عدالتی احکامات پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما مونس الٰہی کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے لاہور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ عدالتی احکامات پر مونس الہٰی کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا گیا ہے اور مونس الہٰی کا پاسپورٹ بھی کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے۔
ایف آئی اے لاہور کے ترجمان نے مزید بتایا کہ مونس الہٰی کے ساتھ دیگر 6 ملزمان کے شناختی کارڈز بھی بلاک کر دیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز قبل احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں مونس الٰہی کا شناختی کارڈ بلاک کرنے اور ان کی جائیدادیں قبضے میں لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔
اس سے قبل بھی عدالت نے مونس الٰہی سمیت 9 ملزمان کی جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔