28 اگست ، 2024
ڈھاکا: ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں قائم عبوری حکومت نے جماعت اسلامی بنگلادیش اور اس کے طلبہ ونگ پر لگائی گئی پابندی ختم کردی۔
حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے جماعت اسلامی اور اس کی طلبہ تنظیم چھاترو شبر کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے کے الزامات ثابت نہیں ہوسکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جماعت اسلامی اور اس کے اسٹوڈنٹ ونگ پرپابندی کاحکم منسوخ کردیا گیا ہے، جماعت اسلامی پر سے پابندی ہٹانےکا فیصلہ فوری نافذ العمل ہوگا۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کی سابقہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت نے اگست میں جماعت اسلامی پر دہشت گرد سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگاتے ہوئے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت جماعت اسلامی اور اس کی طلبہ تنظیم پر پابندی عائد کردی تھی۔
واضح رہےکہ شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیکر ملک سے فرار ہوگئی تھیں جس کے بعد طلبہ تحریک کے نامزد کردہ ڈاکٹر یونس کی سربراہی میں عبوری حکومت قائم کی گئی تھی۔