Time 28 اگست ، 2024
کاروبار

پاورڈویژن نے سرکاری بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں

پاورڈویژن نے سرکاری بجلی تقسیم کارکمپنیوں کی نجکاری سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں
فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاورڈویژن نے سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری  سے  متعلق تفصیلات ہنگامی طور   پر طلب کرلیں۔

ذرائع کے مطابق پاور ڈویژن نے ڈسکوز کی نجکاری کے لیے تفصیلات مانگ لی ہیں۔ پاور ڈویژن نے تمام ڈسکوز کے سی ای اوز کو خط لکھ کر  29 اگست تک معلومات طلب کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تمام ڈسکوز  سے مستقل، کنٹریکٹ  اور ڈیلی  ویجز ملازمین کی تفصیلات  بھی مانگی گئی ہیں۔ ڈسکوز  ملازمین کی تنخواہ، پیکج اور  پنشن کے واجبات کی تفصیلات  بھی مانگی گئی ہیں، سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں  سے جائیدادوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈسکوز سے 30 جون 2024  تک  آڈٹ  شدہ  فنانشل اسٹیٹمنٹس مانگی گئی ہیں، بجلی کمپنیوں کےگزشتہ 5 سال کے واجبات اور  ایکویٹی سمیت فنانشل اسٹرکچر  بھی طلب کیےگئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ ریگولیٹری اداروں کے احکامات  سے متعلق زیر التوا  ایشوز کی فہرست مانگی گئی ہے، بجلی کمپنیوں پر لاگو تمام ریگولیٹری  اور لیگل فریم ورک کی تفصیلات مانگی گئی ہیں، بجلی کمپنیوں کے پاس موجود مشینری،گاڑیاں اور دیگر اثاثہ جات کی تفصیلات بھی طلب کی گئی ہیں۔