31 اگست ، 2024
کراچی کے ایک نجی اسپتال کے واش روم میں خاتون بچے کو جنم دینے کے بعد اسے وہیں چھوڑ کر فرار ہو گئی۔
کراچی کے علاقے کھارادر میں واقع نجی اسپتال کے واش روم سے نومولود ملا۔
اسپتال انتظامیہ نے اس حوالے سے بتایا کہ ایک خاتون مبینہ طور پر ڈرپ لگوانے اہلخانہ کے ساتھ اسپتال آئی تھی، باتھ روم گئی جہاں اس نے بچے کو جنم دیا اور بغیر اطلاع دیے فرار ہو گئی۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عملے نے بچے کو واش روم سے نکال کر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، بچے کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
نجی اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ خاتون کی تلاش کے لیے کھارادر پولیس کو اطلاع دے دی گئی ہے اور اس حوالے سے سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی دیکھی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب کراچی ہی کے علاقے آگرہ تاج کالونی میں کچرا کنڈی سے دو نومولود لاشیں ملی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں نومولود لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے اور تحقیقات شروع کر دی گئی ہے۔